Mashriq 1.0
My WordPress Blog

کوچ سے اختلافات کی خبروں کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کا تربیتی کیمپ چھوڑدیا

پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کی وجوہات مناسب وقت پر پرتگالی عوام کے سامنے بیان کریں گے۔ بی بی سی کے مطابق کرسٹیانو رونالڈوتربیتی کیمپ سے اس وقت روانہ ہوئے جب پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسس نے ٹیم میں کسی اختلاف کی تردید کی تھی۔ اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ 5 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے تربیتی سیشن میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ پر غور کیا تھا، تاہم,000 1 کیریئر گولز کا سنگ میل حاصل کرنے کی خواہش کے باعث کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کرسٹیانو رونالڈو کو موجودہ بین الاقوامی وقفے کے لیے پرتگال کے 25 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے ابتدائی میچ میں شرکت بھی کی۔ تاہم اتوار کو ناروے کے خلاف پرتگال کی 1-2 سے کامیابی میں وہ میدان میں نہیں اترے اور میچ کے اختتام پر ٹیم کے ساتھ شائقین کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے سیدھے ڈریسنگ روم چلے گئے۔ جارج جیسس نے ڈنمارک کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کو بتایا گیا تھا کہ وہ ابتدائی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر بعد میں میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ کوچ نے کرسٹیانو رونالڈوکی منگل کی تربیت میں عدم شرکت سے متعلق رپورٹس کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معمول کی تربیت کے بجائے جسمانی مضبوطی اور نقل و حرکت سے متعلق انفرادی مشقیں کرائی گئی تھیں اور بدھ کو وہ ٹیم کے ساتھ معمول کے مطابق تربیت کرنے والے تھے۔ تاہم کرسٹیانو رونالڈو ڈنمارک میں ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ میدان میں نظر نہیں آئے۔ بعد ازاں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر سے گفتگو کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پرتگالی عوام کو ان وجوہات کی حقیقت بتائیں گے جن کی بنیاد پر انہوں نے کیمپ چھوڑا۔ پرتگال نے ناروے کے خلاف فیصلہ کن گول گونزالو راموس کی مدد سے کیا تھا اور کوچ جارج جیسس نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی راموس کو کرسٹیانو رونالڈو پر ترجیح دی جائے گی۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو کی کیمپ سے روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنمارک اور ناروے کے خلاف آئندہ میچز کی تیاری 24 دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More